پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گرمی کی تعطیلات ختم، سکولز کھل گئے مگر سیلاب زدہ علاقوں میں تعلیمی ادارے بند

10:18 AM, 1 Sep, 2025

لاہور / پشاور :  پنجاب اور خیبرپختونخوا کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہو گئی ہیں اور سرکاری و نجی سکولز و کالجز دوبارہ کھل گئے ہیں۔ تاہم لاہور سمیت چند سیلاب زدہ علاقوں میں سکولز بند رہنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور میں سیلاب کی صورتحال کے باعث 45 سکولز کو بند رکھا گیا ہے۔ ان میں چوہنگ، موہلنوال، ملتان روڈ، موڑ فرخ آباد اور ریٹیگن روڈ کے سرکاری سکول شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریٹیگن روڈ پر واقع سینٹرل ماڈل سکول، مراکہ، مانگا، شاداب کالونی، سگیاں، تار گڑھ شاہدرہ، بند روڈ اور پری محل شاہدرہ کے سکول بھی بند رہیں گے۔ شفیق آباد، ٹھوکر نیاز بیگ، شاہ پور کانجراں، گاؤں شالا، رنگیل پور، خورد پور، چھگیاں بھمہ اور موہلنوال کے سکولز بھی فی الحال بند رہیں گے۔

لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ آئندہ حکم تک یہ تعلیمی ادارے بند رہیں گے تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف اور حفاظتی انتظامات بہتر طریقے سے کیے جا سکیں۔

پی ڈی ایم اے نے بھی خبردار کیا ہے کہ یکم سے سات ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں شدید طغیانی کا خدشہ ہے، جس کی وجہ سے سیلاب زدہ علاقوں میں سکولز کو ریلیف کیمپس کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوتے ہی تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں اور بچوں کی پڑھائی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

دوسری جانب، لاہور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں واقع 20 کالجز یکم اور دوسرا ستمبر کو بند رہیں گے۔ لاہور کے 6 اضلاع کے کالجز بھی اس بندش میں شامل ہیں۔ ڈائریکٹر کالجز لاہور احسان مختار کا کہنا ہے کہ کالجز بند کرنے کا مقصد طلباء اور عملے کی حفاظت ہے۔

مزیدخبریں