تیانجن : وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے 25 ویں اجلاس کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں۔ ان ملاقاتوں میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم، بیلاروس کے صدر الیکزانڈر لوکاشینکو، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف، ترک صدر رجب طیب اردوان، تاجکستان، ترکمانستان، کرغستان، مالدیپ کے صدور اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس شامل ہیں۔
ان ملاقاتوں میں علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر زور دیا گیا۔ عالمی رہنماؤں نے وزیراعظم شہباز شریف کو گرمجوشی سے خوش آمدید کہا اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
شہباز شریف چین کے چھ روزہ دورے پر ہیں، جہاں انہوں نے ایس سی او اجلاس میں شرکت کے علاوہ بیجنگ میں دوسری جنگ عظیم کی 80 ویں سالگرہ کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ ان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات متوقع ہے، جبکہ وہ چینی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیراعظم بیجنگ میں پاک-چین ’بی ٹو بی‘ انویسٹمنٹ کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، جس سے پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی توقع ہے۔