اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے 76 ویں قومی دن پر حکومت اور عوام کی جانب سے چینی قیادت اور عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی مضبوط اور گہرے بھائی چارے پر فخر کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن چین کی ترقی اور کامیابی کا جشن ہے، ساتھ ہی عالمی امن اور استحکام میں چین کے اہم کردار کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے صدر شی جن پنگ کی قیادت کو قابلِ تحسین قرار دیا جو چین کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو ناقابلِ شکست اور بھروسے، قربانی اور خلوص کی بنیاد پر قائم رشتہ قرار دیا جو دونوں ملکوں کے مستقبل کے لیے خوشحالی اور امن کا ضامن ہے۔
انہوں نے اپنے حالیہ دورہ چین کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس دوران شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور بزنس کانفرنس میں اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری معاہدے ہوئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کے لیے بہت اہم منصوبہ ہے جو اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔آخر میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی دوستی کو مزید مضبوط کریں گے اور نئی کامیابیاں حاصل کریں گے۔