بزرگ ہمارے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں اور ان کی عزت کرنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے، مریم نواز

12:21 PM, 1 Oct, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بزرگ ہمارے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں اور ان کی عزت کرنا ہر کسی کی ذمہ داری ہے۔ بزرگ ہمارے ماضی کی کہانیاں، حال کی روشنی اور مستقبل کی رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کی محنت اور قربانیوں سے آج کا پاکستان بنایا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ بزرگوں کا احترام ہمارے مذہب اور ثقافت کا حصہ ہے، اور ان کے تجربات ہمارے لیے قیمتی خزانہ ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بزرگوں کا خیال رکھیں اور انہیں وہ عزت دیں جس کے وہ مستحق ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت بھی بزرگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے، اولڈ ہومز کو بہتر بنایا جا رہا ہے اور بزرگوں کو حج کی سعادت بھی دی گئی ہے۔ ساتھ ہی، پنجاب حکومت نے الیکٹرک بسوں میں بزرگوں کو مفت سفر کی سہولت بھی دی ہے تاکہ انہیں روزمرہ کی زندگی میں آسانی ہو۔

مریم نواز نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے والدین اور بزرگوں کا خاص خیال رکھیں اور ان کی عزت کریں کیونکہ بزرگوں کی قدر کرنے والے معاشرے ہمیشہ ترقی کرتے ہیں۔

مزیدخبریں