اوپن اے آئی کا بچوں کی حفاظت کے لیے چیٹ جی پی ٹی میں نیا نظام متعارف

03:43 PM, 1 Oct, 2025

کیلیفورنیا : آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر کام کرنے والی معروف کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی حفاظت کے لیے نیا حفاظتی نظام اور والدین کے کنٹرولز متعارف کرا دیے ہیں۔

اس نئے فیچر کا مقصد بچوں کو ذہنی دباؤ، خودکشی جیسے خیالات اور حساس موضوعات سے محفوظ رکھنا ہے۔ کمپنی کے مطابق اب چیٹ جی پی ٹی بات چیت کے دوران اگر کوئی جذباتی یا نازک موضوع سامنے آئے تو سسٹم فوراً بات چیت کو GPT-5 ماڈل کی طرف منتقل کر دیتا ہے، جو زیادہ محفوظ اور ذمہ دار انداز میں جواب دیتا ہے، بجائے اس کے کہ مکمل طور پر بات چیت بند کر دی جائے۔

ساتھ ہی والدین کے لیے بھی خصوصی کنٹرولز شامل کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے والدین اپنے بچوں کے چیٹ جی پی ٹی اکاؤنٹ کو مانیٹر کر سکتے ہیں۔ اگر بچے کسی خطرناک یا حساس موضوع پر بات کریں تو والدین کو فوری اطلاع دی جائے گی تاکہ وہ بروقت مداخلت کر سکیں۔

اوپن اے آئی نے اس نظام کو فی الحال آزمائشی بنیادوں پر متعارف کروایا ہے اور آئندہ 120 دنوں میں صارفین کی رائے کی روشنی میں اسے بہتر بنانے کا منصوبہ ہے۔

یہ قدم کچھ افسوسناک واقعات کے بعد اٹھایا گیا ہے، جن میں نوجوانوں نے چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ بات چیت کے بعد ذہنی دباؤ کا شکار ہو کر خودکشی کی کوششیں کیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد یہ ہے کہ نوجوان چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرتے وقت محفوظ رہیں اور کسی بھی خطرناک یا غیر مناسب مواد سے دور رہیں۔

مزیدخبریں