پاکستان نے 500 ملین ڈالر کا یوروبانڈ وقت پر ادا کر دیا، وزارت خزانہ

10:56 AM, 1 Oct, 2025

اسلام آباد: پاکستان نے عالمی مالیاتی مارکیٹ میں اعتماد کا مظاہرہ کرتے ہوئے 500 ملین ڈالر کا یوروبانڈ بروقت ادا کر دیا ہے۔ یہ بانڈ 2015 میں جاری کیا گیا تھا اور 10 سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد 30 ستمبر 2025 کو میچور ہوا۔

مشیر خزانہ خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ یہ بروقت ادائیگی پاکستان کے مالی نظم و ضبط کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق حالیہ دنوں میں ملک کی مالی صورتحال میں بہتری آئی ہے، اور عالمی ادارے بھی پاکستان کی معیشت کو بہتر انداز میں دیکھ رہے ہیں، جس کا ثبوت خودمختار ریٹنگ میں بہتری ہے۔

خرم شہزاد نے مزید بتایا کہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھا ہے، اور یہی وجہ ہے کہ پاکستانی بانڈز اب پریمیئم پر ٹریڈ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک کے قرضوں کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے — جی ڈی پی کے مقابلے میں قرض کا تناسب 77 فیصد سے کم ہو کر 70 فیصد پر آ گیا ہے، جبکہ بیرونی قرضوں کا حصہ بھی 38 فیصد سے کم ہو کر 32 فیصد رہ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال میں قرضوں میں اضافے کی رفتار سست رہی، اور عالمی سطح پر قرض لینے کی لاگت میں کمی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

مزیدخبریں