پاک چین کی سٹریٹجک شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی بنیاد ہے ، وزیر داخلہ

12:00 PM, 1 Oct, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے 76 ویں قومی دن پر چینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی اور عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین کی سٹریٹجک شراکت داری خطے میں امن، استحکام اور ترقی کی بنیاد ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چین نے بہت کم وقت میں اپنی معیشت کو مضبوط کیا اور ترقی کے وہ خواب حقیقت میں بدلے جو بہت سے ممالک کے لیے مثال ہیں۔ چین نے اپنی محنت، اصولوں کی پاسداری اور اجتماعی بھلائی کے جذبے سے دنیا میں اپنی جگہ مضبوط کی ہے۔ ان کی کامیابیاں خطے کے لیے خوشحالی کا سبب ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ چین کی شاندار تاریخ، ثقافت اور ترقی کو دیکھ کر ہمیں فخر ہوتا ہے۔ پاک چین تعلقات بہت پرانے اور مضبوط ہیں، اور سی پیک جیسے بڑے منصوبے اس دوستی کی بہترین مثال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمالیہ کی بلند چوٹیوں سے لے کر قراقرم کی پہاڑیوں تک، پاک چین دوستی مضبوطی سے قائم ہے۔ ہر مشکل وقت میں چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔ گوادر سے خنجراب تک، توانائی اور رابطے کے شعبوں میں چین نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاک چین شراکت داری خطے میں امن اور ترقی کا باعث ہے۔

آخر میں محسن نقوی نے چینی قوم کی محنت، لگن اور جدت کی تعریف کی اور دعا کی کہ وہ مزید کامیاب ہوں۔ انہوں نے کہا، "پاک چین دوستی ہمیشہ قائم رہے۔"

مزیدخبریں