لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی 2025 کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ 6 اکتوبر سے شروع ہو کر 3 دسمبر تک چلے گا۔
میچز پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ایبٹ آباد کے میدانوں پر کھیلے جائیں گے جہاں 10 ریجنل ٹیمیں حصہ لیں گی۔ دفاعی چیمپئن ٹیم سمیت سیالکوٹ، پشاور، ایبٹ آباد، بہاولپور، فاٹا، فیصل آباد، اسلام آباد، کراچی بلوز، لاہور وائٹس اور ملتان شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ میں 9 راؤنڈز ہوں گے جن کے بعد ٹاپ 2 ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فائنل 29 نومبر سے 3 دسمبر تک ہوگا۔
پہلے راؤنڈ کے میچز 6 سے 9 نومبر تک مختلف اسٹیڈیمز پر کھیلے جائیں گے، جن میں ایبٹ آباد، بہاولپور، لاہور، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ، فاٹا، ملتان، فیصل آباد اور کراچی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
ابتدائی طور پر صرف 6 ٹیمیں حصہ لے رہی تھیں، لیکن پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کے فیصلے سے حنیف محمد ٹرافی کی 4 بہترین ٹیموں کو بھی اس ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے، جس سے مجموعی ٹیموں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
قائداعظم ٹرافی ملکی کرکٹ کے مستقبل کے ٹیلنٹ کو ابھرنے کا بہترین موقع ہے اور شائقین کو اس سال بھی زبردست کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔