ٹرمپ کا منصوبہ مکمل نہیں، مزید وضاحت اور مذاکرات ضروری ہیں: قطری وزیراعظم

09:54 AM, 1 Oct, 2025

دوحہ: قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کا امن منصوبہ کئی اہم نکات پر ابھی مکمل وضاحت کا متقاضی ہے، اور اس پر فریقین کے درمیان سنجیدہ مذاکرات کی ضرورت ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا کے معاملے میں خاص طور پر ابہام موجود ہے، جس پر مزید تفصیل سے بات ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم کی معافی کو کسی احسان کے طور پر نہیں لیا جا سکتا، کیونکہ یہ فلسطینی عوام کا حق تھا، کوئی رعایت نہیں۔

قطری وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق اس منصوبے کو تعمیری نظر سے دیکھیں گے، نہ کہ مخالفت یا زبردستی منوانے کے زاویے سے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی حکومت سے متعلق معاملات پر امریکہ سے بھی گفتگو کی جائے گی۔

محمد بن عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ اگرچہ یہ منصوبہ ابھی مکمل نہیں اور اس میں کئی پہلو مزید غور طلب ہیں، مگر یہ جنگ کے خاتمے کی جانب ایک ممکنہ قدم ہو سکتا ہے  بشرطیکہ اس پر سنجیدگی سے کام کیا جائے۔

مزیدخبریں