وائٹ ہاؤس میں صحافیوں کی رسائی محدود، اپر پریس روم صرف پیشگی اپائنٹمنٹ پر کھلے گا

03:24 PM, 1 Nov, 2025

واشنگٹن: امریکہ میں آزادی صحافت کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی ہے کیونکہ وائٹ ہاؤس نے صحافیوں کے داخلے پر سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق نئی پالیسی کے تحت صحافی اب وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری یا دیگر اعلیٰ حکام کے دفاتر میں بغیر پیشگی اجازت داخل نہیں ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ، "اپر پریس روم" میں داخلہ بھی صرف پیشگی اپائنٹمنٹ کے ذریعے ممکن ہوگا۔

وائٹ ہاؤس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اس کا مقصد حساس معلومات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ ماہ پینٹاگون میں بھی اسی نوعیت کی پابندیاں لگائی گئی تھیں، جن پر امریکی صحافتی حلقوں نے سخت ردعمل دیا تھا۔ انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ اقدامات سیکیورٹی بڑھانے کے لیے کیے جا رہے ہیں، تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے پریس کی آزادی اور حکومتی شفافیت پر سوالات اٹھ سکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندیاں تمام میڈیا اداروں پر یکساں طور پر لاگو ہوں گی اور کسی کو خصوصی استثنیٰ حاصل نہیں ہوگا۔

مزیدخبریں