واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور علاقائی صورتحال پر اہم میڈیا گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی قیادت کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ وہ پاکستانی صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بے حد عزت کرتے ہیں کیونکہ پاکستان کی لیڈر شپ نے جنگ کے خاتمے کے لیے نہایت قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ایران کی موجودہ حالت کو "تباہ کن" قرار دیتے ہوئے کہا ایران کی بحریہ اور فضائیہ مکمل تباہ ہو چکی ہے اور آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند ہے۔ایرانی قیادت تقسیم ہو چکی ہے اور وہ شدید کنفیوژن کا شکار ہیں کہ امریکہ کے ساتھ کیسے ڈیل کی جائے۔
صدر ٹرمپ نے عزم دہرایا کہ وہ ایران کو ایٹمی ہتھیار ہرگز نہیں بنانے دیں گے، کیونکہ یہ عالمی امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ ایران ہم سے معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہے، تاہم وہ ایران کی تازہ ترین تجاویز سے مطمئن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ایران اپنی راہ سے بھٹک گیا ہے۔ میں فی الحال ان کے ساتھ بات چیت سے خوش نہیں ہوں اور یقین نہیں کہ ہم کسی نتیجے تک پہنچ پائیں گے، کیونکہ یورپی یونین بھی معاہدے کا احترام نہیں کر رہی۔
صدر ٹرمپ نے عوام کو بڑی نوید سناتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جنگی صورتحال ختم ہوتے ہی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں نیچے آ جائیں گی، جس سے پٹرولیم مصنوعات سستی ہوں گی۔
اپنے خطاب کے آخر میں صدر ٹرمپ نے ایک بڑا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے پر ہم اپنی حتمی تجاویز دے چکے ہیں اور ایک یا دو دن کے اندر کوئی بہت بڑی پیشرفت متوقع ہے۔
"پاکستان نے جنگ روکنے میں اہم کام کیا"، ایرانی قیادت تذبذب کا شکار؛امریکی صدر
09:48 PM, 1 May, 2026