میرپور خاص:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد سندھ کے دریاؤں اور وسائل کو بچانا تھا، اور عوام کی حمایت سے ہم نے اس مقصد کو کامیابی سے حاصل کیا۔
انہوں نے میرپور خاص میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے موقع پر کچھ طاقتیں ہمارے نمائندے کو ہرانا چاہتی تھیں، لیکن اہل میرپور خاص نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے عوام کے ساتھ مل کر آمریت کو ختم کیا، جمہوری اقدار کو زندہ کیا، اور مزدوروں سمیت ہر طبقے کے لیے جدوجہد کی۔ انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مزدوروں، خواتین، اقلیتوں اور نوجوانوں کے حقوق کا مقدمہ لڑا۔
پیپلز پارٹی چیئرمین کا کہنا تھا کہ نہری منصوبوں کے اعلان پر کچھ سیاسی مخالفین خوش تھے، مگر ہم نے یہ واضح کر دیا کہ پیپلز پارٹی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرتی اور عوامی مفادات پر کبھی سودا نہیں کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عبوری حکومت کے دور میں کیے گئے غلط فیصلے، جیسے کہ اضافی نہروں کی منظوری اور پانی کی فراہمی سے متعلق جھوٹے سرٹیفکیٹس، کو ہم نے ہر فورم پر چیلنج کیا۔
بلاول نے بتایا کہ انتخابات کے بعد وزیر جام خان شورو نے سندھ کا مقدمہ ہر سطح پر پیش کیا اور صدر آصف علی زرداری نے دو ٹوک مؤقف اپنایا کہ یہ منصوبہ وفاق کے لیے خطرناک ہے۔
انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنہیں وفاق کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے تھی، وہ صدر زرداری پر تنقید کرنے لگے کیونکہ وہ خود ان منصوبوں کی مخالفت کرنے کی جرات نہیں رکھتے۔
آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے سول سوسائٹی، وکلا اور کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم نے اتحاد اور استقامت کے ساتھ سندھو دھرتی کو بچا لیا، یہی ہماری جدوجہد کا اصل مقصد تھا۔