راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کی تو اس کا فوری، سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے حال ہی میں ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینج کا دورہ کیا اور منگلا اسٹرائیک کور کی جاری میدانی جنگی مشقوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے سپاہیوں اور افسران سے ملاقات کی، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، حوصلے اور عزم کو سراہا اور ان کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے، مگر قومی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے پاک فوج ہر ممکن اقدام اٹھانے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مفادات کے دفاع میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔