صدر اور وزیراعظم کا عالمی یوم مزدور کے موقع پر مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور

10:22 AM, 1 May, 2025

اسلام آباد : عالمی یوم مزدور کے موقع پر صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے محنت کشوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں مزدوروں کے حقوق کی مکمل حفاظت اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید موثر اقدامات کیے جائیں گے۔

صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش ہمارے معاشی ترقی کے بنیادی ستون ہیں اور ان کی محنت ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم مزدور دنیا بھر کے محنت کشوں کی اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، اور ہمیں ایک منصفانہ اور محفوظ لیبر ماحول فراہم کرنے کی کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  محنت کشوں کے حقوق آئین میں محفوظ ہیں اور حکومت نے متعدد قانون سازی اور انتظامی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محنت کشوں کے لیے محفوظ، صحت مند اور باوقار حالات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور کم از کم اجرت کے نفاذ اور مزدوروں کی فلاح کے لیے مزید اقدامات کی منظوری دے گی۔

مزیدخبریں