نیویارک : پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں ایران پر ہونے والے حملوں کی سخت مذمت کی۔ مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت خطے میں بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران پر حملہ اس وقت کیا گیا جب سفارتی کوششیں جاری تھیں، اور اس موقع پر فریقین سے صبر و تحمل کی اپیل کی۔ عاصم افتخار نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب، یو اے ای، بحرین اور قطر پر ہونے والے حملوں کی بھی مذمت کرتا ہے، اور عالمی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔
پاکستانی مندوب نے یو اے ای میں ایک پاکستانی شہری کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ کی بھی مذمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے ایران پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی اہمیت کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ عاصم افتخار نے عمان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی کوششوں کو سراہا، اور کہا کہ اس سے خطے میں امن کے قیام میں مدد مل سکتی ہے۔