تہران : ایران نے خلیج کے مختلف ممالک میں موجود 14 امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے، جس میں سیکڑوں امریکی اہلکاروں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ یہ حملے متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، قطر اور سعودی عرب میں واقع امریکی اڈوں پر کیے گئے ہیں، اور ان حملوں نے ان ممالک میں شدید ردعمل پیدا کیا ہے۔
کویت کی وزارتِ دفاع کے مطابق، ایران نے علی السلیم ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے، لیکن ایئرپورٹ کو جو نقصان پہنچا ہے، اس سے فوجی آپریشنز پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑا۔
متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں ایران کے داغے گئے میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا، لیکن میزائلوں کے ملبے سے ایک پاکستانی شہری کی موت واقع ہوگئی۔
سعودی عرب نے تصدیق کی کہ ایران نے ریاض اور مشرقی سعودی عرب کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے حملے کو ناکام بنا دیا، اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
قطر نے ایران کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں، جس کے نتیجے میں حمد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کئی پروازیں معطل ہوگئیں۔
بحرین میں ایرانی حملوں کے بعد شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ ایران نے بحرین میں موجود امریکی ففتھ فلیٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، مگر کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
اردن اور شام نے ایرانی ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے اور ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اپنے جارحانہ اقدامات جاری رکھے تو انہیں سخت جواب دیا جائے گا۔