چیمپئنز ٹرافی 2025: جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

09:06 PM, 1 Mar, 2025

کراچی: چیمپئنز ٹرافی 2025 کے گروپ 'بی' کے ایک اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یہ فیصلہ ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔ انگلش ٹیم 39ویں اوور میں صرف 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جو روٹ 37، جوفرا آرچر 25 اور بین ڈکٹ 24 رنز کے ساتھ نمایاں کھلاڑی رہے۔

جنوبی افریقی بولرز نے انگلش بیٹنگ لائن کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔ مارکو جانسن اور ویان مولڈر نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کیشو مہاراج نے 2 وکٹیں اور نگیڈی اور ربادا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے 180 رنز کا ہدف 30ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔ راسی وین ڈیر ڈوسن نے 72 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ ہینرک کلاسن نے 64 رنز بنائے اور ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

مارکو جانسن کو 39 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرنے اور 3 کیچ پکڑنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے اپنی آخری کپتانی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کیریئر کا اچھے انداز میں اختتام چاہتے تھے، جبکہ جنوبی افریقی کپتان ایڈن مرکرم نے اس شاندار فتح کو اپنی ٹیم کی شاندار کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔

مزیدخبریں