اسلام آباد: پاکستان میں رمضان المبارک 1446 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے، جس کے بعد کل (اتوار) کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔ ملک بھر میں آج رات نمازِ تراویح کے اجتماعات ہوں گے۔
چاند نظر آنے کے بعد، رمضان المبارک کا آغاز پاکستان سمیت بھارت اور بنگلادیش میں بھی کل سے ہوگا، جبکہ سعودی عرب، دبئی، ابوظبی، قطر اور دیگر خلیجی ممالک میں آج پہلا روزہ رکھا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے رمضان المبارک کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے۔
انہوں نے قوم کو تزکیۂ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد و یگانگت کی تلقین کی اور اپیل کی کہ غریبوں اور مساکین کی مدد کی جائے اور صدقات و خیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے۔
صدر مملکت نے دعا کی کہ رمضان المبارک کا یہ مہینہ پاکستان کے لیے امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔