فوج کے جوانوں کو جدید جنگ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی تیاریاں مسلسل اور مکمل رکھنی چاہیے: آرمی چیف

06:52 PM, 1 Mar, 2025

بہاولپور: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ فوج کے جوانوں کو جدید جنگ کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی تیاریاں مسلسل اور مکمل رکھنی چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، جنرل عاصم منیر نے بہاولپور کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کیا اور بہاولپور کور کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ لی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کی جنگی تیاریوں اور پُرعزم رویہ کو سراہا اور کہا کہ سپاہیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لئے سخت تربیت ضروری ہے۔

جنرل عاصم منیر نے اس موقع پر سی ایم ایچ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، انوویسٹا چولستان اور انٹیگریٹڈ کامبیٹ سیمیولیٹر ایرینا کا افتتاح کیا تاکہ طبی تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جنگی تیاریوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

آرمی چیف نے بہاولپور کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء سے ملاقات بھی کی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے پاک فوج کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبا کو تعلیمی میدان میں محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی تاکہ وہ قوم کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔

جنرل عاصم منیر نے نوجوانوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے فوج کی جانب سے ان کی صلاحیتوں میں اضافے کے لئے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں