لاہور: پنجاب حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار دیہی خواتین کے لیے خصوصی بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب کے مختلف دیہی علاقوں میں 25 بسوں پر مشتمل ماس ٹرانزٹ سسٹم شروع کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اس نظام کے تحت ہر دیہی تحصیل سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر تک بس سروس فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے انٹر ویلیج ٹرانسپورٹ اور دیہاتی خواتین کے لیے نقل و حرکت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک جامع پلان کی تیاری کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خواتین کے لیے سبسڈی فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے اور پنجاب کے لیے ویمن ٹرانسپورٹ سیلوشن پلان تیار کیا جائے گا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ جدید ٹرانسپورٹ سسٹم دیہات میں رہنے والی خواتین کا حق ہے اور اس طرح کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے ان کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے دیہاتی خواتین کو سفر میں سہولت ملے گی اور ان کا اعتماد بڑھے گا۔