اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل دوبارہ منڈلانے پر ایران نے پاکستان سے رابطہ کر لیا ہے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے لبنان میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور بیروت کے مختلف علاقوں پر ممکنہ اسرائیلی حملوں کے منصوبوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے اپیل کی کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کو روکنے اور جنگ بندی قائم رکھنے کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے۔
پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران کو ملک کی گہری تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے زور دیا کہ خطے کو کسی بھی بڑے حادثے یا بگاڑ سے بچانے کے لیے موجودہ مفاہمتوں کا تحفظ اور جنگ بندی کا تسلسل ہر صورت ناگزیر ہے۔
دونوں برادر ممالک کے وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کی خاطر باہمی رابطوں کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور مستقبل میں بھی علاقائی پیش رفت پر قریبی اور مسلسل مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔