مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کل گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے، انتخابی حکمتِ عملی اور ترقیاتی امور پر اہم ملاقاتیں متوقع

08:40 PM, 1 Jun, 2026

اسلام آباد: گلگت بلتستان میں انتخابی گہما گہمی کے پیشِ نظر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور صدر میاں محمد نواز شریف کل خطے کا ایک روزہ اہم دورہ کریں گے، جہاں وہ پارٹی کی انتخابی مہم کو حتمی شکل دیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے بیان میں دورے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر جناب محمد نواز شریف کل گلگت بلتستان پہنچیں گے۔ وہ اپنے دورے کے دوران پارٹی رہنماؤں اور الیکشن کے لیے نامزد ٹکٹ ہولڈرز سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔

مریم اورنگزیب کے مطابق، اس دورے کا بنیادی مقصد گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینا اور خطے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا ہے۔ میاں نواز شریف کا یہ دورہ مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم میں نئی روح پھونکنے کے لیے انتہائی کلیدی تصور کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں