آئی سی سی کا اہم فیصلہ، کرکٹ قوانین میں بڑی ترامیم منظور

08:30 PM, 1 Jun, 2026

ابوظہبی :  انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ میں کم روشنی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک نیا تجرباتی فیصلہ منظور کر لیا ہے، جس کے تحت ایسے میچز میں جہاں خراب لائٹنگ کی وجہ سے کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہو، گلابی گیند کے استعمال کی اجازت دی جا سکے گی۔

کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں چیف ایگزیکٹو کمیٹی کی متعدد سفارشات کی منظوری دی گئی۔ نئی حکمتِ عملی کے تحت اگر کسی ٹیسٹ میچ کے دوران روشنی کے مسائل کا امکان ہو تو دونوں ٹیموں کی پیشگی رضامندی سے میچ کا آغاز روایتی سرخ گیند کے بجائے گلابی گیند سے کیا جا سکے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گلابی گیند صرف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچز تک محدود تھی، تاہم آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ اس تجربے سے فلڈ لائٹس میں کھیل کے تسلسل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور خراب روشنی کے باعث ضائع ہونے والے اوورز میں کمی واقع ہو گی۔

آئی سی سی کے مطابق اس فیصلے کے مکمل نفاذ کے لیے درکار ضوابط فوری طور پر لاگو نہیں کیے جا سکیں گے، لہٰذا 4 جون سے شروع ہونے والی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز میں اس کا اطلاق متوقع نہیں ہے۔ کونسل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ اسٹیڈیمز اور میچ آفیشلز کے لیے لائٹنگ معیار بہتر بنانے کے حوالے سے تحقیق و ترقی کے منصوبوں پر کام کیا جائے گا، جس میں ایم سی سی (Marylebone Cricket Club) کے ساتھ مشترکہ تعاون بھی شامل ہوگا۔

دوسری جانب آئی سی سی نے ایک اور اہم تبدیلی کی منظوری دیتے ہوئے ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ہیڈ کوچز یا نامزد سپورٹ اسٹاف کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں جا کر کھلاڑیوں سے براہِ راست مشاورت کی اجازت دے دی ہے۔ اس سے قبل کوچنگ اسٹاف کو میدان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی اور ہدایات صرف ڈرنکس لے جانے والے کھلاڑیوں کے ذریعے منتقل کی جاتی تھیں۔

ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اننگز کے درمیان وقفہ 15 منٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بلے بازوں کو مقررہ وقت پر کھیل دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آئی سی سی نے وائیڈ بال کے قوانین میں بھی مستقل نوعیت کی تبدیلی کرتے ہوئے لیگ سائیڈ وائیڈ کے فیصلوں میں امپائرز کی معاونت کے لیے گائیڈ لائنز کے استعمال کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے، خصوصاً ان مواقع پر جب بلے باز کریز میں اپنی پوزیشن تبدیل کر رہا ہو۔

مزید برآں مشتبہ باؤلنگ ایکشن کے معاملات میں میچ آفیشلز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی دینے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ رپورٹنگ اور جانچ کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق آئی سی سی کے یہ اقدامات کھیل کے تسلسل کو بہتر بنانے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے اور بین الاقوامی کرکٹ قوانین کو موجودہ تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی سمت ایک اہم پیش رفت تصور کیے جا رہے ہیں۔
 

مزیدخبریں