اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی کمیشن کی نائب صدر اور اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے اہم ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کا خیرمقدم کیا اور پاک ،یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے مضبوط تجارتی تعلقات کے تسلسل میں 'جی ایس پی پلس' (GSP+) اسٹیٹس کی اہمیت کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جہاں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی صورتحال اور افغانستان سے متعلق پاکستان کا اصولی مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے خلیجی خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرنے پر یورپی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور واضح کیا کہ نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل امن کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی برادری کی جانب سے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو جلد دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے متحرک کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مزید گہرا کرنے کے لیے یورپی یونین کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔