کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نہایت اہم اور طویل عرصے سے زیرِ انتظار فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر لی ہے۔
WABetaInfo کی تازہ رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں “سائن آؤٹ” کا آپشن شامل کر دیا گیا ہے۔ اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی چیٹس، اکاؤنٹ یا محفوظ شدہ معلومات کو حذف کیے بغیر ایپ سے لاگ آؤٹ کر سکیں گے۔
یہ تبدیلی واٹس ایپ میں ایک بڑی پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے صارفین وقتی طور پر ایپ سے باہر نکل کر بعد میں آسانی کے ساتھ دوبارہ لاگ ان کر سکیں گے، اور انہیں ایپ دوبارہ انسٹال کرنے یا مکمل سیٹ اپ کے مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اب تک واٹس ایپ میں باقاعدہ لاگ آؤٹ کا کوئی آپشن موجود نہیں تھا، جس کے باعث صارفین کو ایپ بند کرنے کے لیے اسے ڈیلیٹ کرنا پڑتا تھا یا مسلسل استعمال میں رکھنا پڑتا تھا۔
نئے نظام کے مطابق سائن آؤٹ کے بعد بھی صارف کا چیٹ ریکارڈ، محفوظ ڈیٹا اور اکاؤنٹ کی تفصیلات برقرار رہیں گی۔ یہ سہولت اکاؤنٹ سیٹنگز میں فراہم کی جائے گی اور عمل مکمل کرنے سے قبل ایک مختصر تصدیقی مرحلہ بھی ہوگا۔
تصدیق کے بعد صارف کا اکاؤنٹ ڈیوائس سے لاگ آؤٹ ہو جائے گا، تاہم تمام ڈیٹا محفوظ رہے گا، جس سے دوبارہ لاگ ان کا عمل زیادہ آسان اور تیز ہو جائے گا۔
یہ فیچر فی الحال بیٹا مرحلے میں ہے، اس لیے اسے تمام صارفین کے لیے کب تک جاری کیا جائے گا، اس بارے میں حتمی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں۔