لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوان نسل کو موبائل اسکرینز سے دور کر کے دوبارہ سینما کلچر کی طرف راغب کرنے کے لیے کوشاں ہے، جس کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں سینما انڈسٹری کی بحالی کا مشن شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ فلموں کے ذریعے عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے فلم سازوں پر زور دیا کہ وہ صرف اچھے گانوں پر انحصار کرنے کے بجائے معیاری فلمیں بنائیں، کیونکہ انڈسٹری کی بقا کے لیے تسلسل کے ساتھ فلموں کا بننا ناگزیر ہے۔
صوبائی وزیر نے انکشاف کیا کہ پنجاب میں بین الاقوامی معیار کی "فلم سٹی" کا منصوبہ زیر تعمیر ہے، جہاں فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کو تمام ممکنہ مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے نوجوان فلم میکرز کو فلمی دنیا میں نئی اور جدید سوچ لانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے فلم میکنگ کو ایک نئی اور بہترین سمت دی ہے۔
خطاب کے دوران انہوں نے روایتی سنجیدگی سے ہٹ کر ہلکے پھلکے انداز میں اعتراف کیا کہ وہ خود بھی فلمیں دیکھنے کی بے حد شوقین ہیں، لیکن حکومتی مصروفیات کی وجہ سے اب انہیں اس شوق کے لیے وقت نہیں مل پاتا۔