علاقائی فیصلے مقامی عوام خود کریں، اسلام آباد کا کنٹرول نامظور: چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا شگر میں بڑا سیاسی اعلان

03:25 PM, 1 Jun, 2026

شگر :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان کے ضلع شگر (گلاب پور) میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وفاق کو آڑے ہاتھوں لیا اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی وزارتوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد یہ سمجھنا چھوڑ دے کہ ہر چیز اس کے ماتحت ہے، شگر اور گوادر کے فیصلے اسلام آباد میں بیٹھے بیوروکریٹس نہیں کر سکتے۔ جب بھی بات کرو تو کہا جاتا ہے کہ فنڈز نہیں ہیں، تو پھر ایسی وزارتیں رکھنے کا کیا فائدہ؟
چیئرمین پی پی پی نے الزام لگایا کہ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی سے ۹ سیٹیں چھینی گئیں، لیکن اس بار جیالے میدان ماریں گے۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا    "آپ نے الیکشن کے دن باہر نکلنا ہے اور 'فارم 45' کا بندوبست کرنا ہے، جبکہ 'فارم 47' کا بندوبست (سیاسی و قانونی محاذ پر) میں خود کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی سلیکٹ ہونے یا فارم 47 کے ذریعے حکومت مانگنے کی الٹی درخواست نہیں کی، بلکہ وہ گلگت بلتستان میں بالکل شفاف انتخابات چاہتے ہیں جو پاکستان کے عام انتخابات کے ساتھ ہی منعقد ہوں۔
بلاول بھٹو نے یاد دلایا کہ گلگت بلتستان کے عوام ۳ نسلوں سے پیپلز پارٹی کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ 18ویں ترمیم کے تحت جو حقوق باقی صوبوں کو مل چکے ہیں، وہ گلگت بلتستان کو بھی دلائے جائیں گے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو صاحب نے ملک کو آئین دیا، ایٹمی طاقت بنایا اور یہاں کے غریب عوام کے لیے گندم پر تاریخی سبسڈی کا آغاز کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے سندھ کے معاشی ماڈل کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کا کوئلہ سعودی عرب کے تیل جتنا قیمتی ہے، جس کی بجلی آج فیصل آباد تک جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کو صوبوں کے حوالے کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے اسے غریبوں کے اس واحد سہارے کو ختم کرنے کی سازش قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم آنے والے بجٹ میں اس کے فنڈز میں اضافہ کریں۔
بین الاقوامی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا اور دعا کی کہ پاکستان کی امن کوششیں کامیاب ہوں تاکہ معصوم لوگ جنگ کا ایندھن بننے سے بچ سکیں۔ انہوں نے ملکی معاشی بحران پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دلدل سے نکالنے کے لیے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہوں گی۔

مزیدخبریں