بلوچستان میں پاکستان سویٹ ہو م اور موبائل کلینک کا افتتاح

09:07 AM, 1 Jun, 2026

جنوبی بلوچستان میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے نہ صرف سکیورٹی کے میدان میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائی ہیں بلکہ عوامی خدمت، تعلیم، صحت، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور معاشرتی بہبود کے شعبوں میں بھی قابل قدر کردار ادا کیا ہے۔نو برس کے قلیل عرصے کے دوران ایف سی بلوچستان (ساائوتھ) نے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام اور سکیورٹی اداروں کے درمیان مضبوط تعلق ہی پائیدار امن کی بنیاد بنتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنوبی بلوچستان میں تعلیم، صحت، کھیلوں کے فروغ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور ضرورت مند طبقات کی معاونت کے متعدد منصوبے شروع کیے گئے۔ ان اقدامات نے نہ صرف عوامی مشکلات میں کمی لانے میں مدد دی بلکہ ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کو بھی مزید مستحکم کیا۔ عیدالاضحی کے موقع پر تربت میں دو ایسے منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔ ان میں پہلا منصوبہ پاکستان سویٹ ہوم آرفنیج (یتیم خانہ) کی تزئین و آرائش اور دوبارہ فعالیت جبکہ دوسرا منصوبہ پرواز موبائل میڈیکل کلینک کا افتتاح ہے۔واضح رہے کہ تربت میں واقع پاکستان سویٹ ہوم آرفنیج طویل عرصے سے خستہ حالی کا شکار تھا۔ عمارت کی حالت، سہولیات کی کمی اور دیگر مسائل کی وجہ سے یہاں مقیم بچوں کو متعدد مشکلات کا سامنا تھا۔ ایسے حالات میں ایف سی بلوچستان (سائوتھ) پرواز فائونڈیشن نے اس ادارے کی تزئین و آرائش کا بیڑا اٹھایا اور مختصر مدت میں اسے ایک بہتر اور فعال مرکز میں تبدیل کر دیا۔ بچوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے بیڈ، بستر، میزیں، کرسیاں، سولر لائٹس، جھولے، ایل سی ڈی ٹی وی، کمپیوٹرز، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا سامان اور دیگر ضروری اشیاءفراہم کی گئیں تاکہ وہاں رہنے والے بچوں کو ایک بہتر اور سازگار ماحول میسر آ سکے۔آئی جی ایف سی بلوچستان (سائوتھ) کا افتتاح کرنا اور بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانا،عیدی تقسیم کرنا ایک ایسا انسانی جذبہ تھا جس نے بچوں کو احساس دلایا کہ وہ تنہا نہیں ہیں۔ یتیم بچے معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جو والدین کی شفقت اور رہنمائی سے محروم ہو جاتا ہے۔ ایسے بچوں کو صرف خوراک، لباس اور رہائش کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ انہیں محبت، حوصلہ افزائی، تعلیم، تربیت اور احساس تحفظ کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔ جب کوئی ادارہ یا فرد ان بچوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھتا ہے تو درحقیقت وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کی پیروی اور ان کے روشن مستقبل کی تعمیر میں حصہ ڈال رہا ہوتا ہے۔ پاکستان سویٹ ہوم آرفنیج کی بحالی اسی سوچ کا عملی اظہار ہے۔فلاحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے میں بھی ایف سی بلوچستان (سائوتھ) پرواز فائونڈیشن کی جانب سے ایک اہم قدم اٹھایا گیا۔ تربت اور اس کے دور دراز علاقوں کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ”پرواز موبائل میڈیکل کلینک“کا افتتاح کیا گیا جو ایک جدید اور ہمہ جہت طبی سہولت سے آراستہ منصوبہ ہے۔جنوبی بلوچستان کے دور افتادہ علاقے جہاں طبی سہولیات تک رسائی ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔ مریضوں کو معمولی معائنے یا ٹیسٹ کے لیے بھی طویل فاصلے طے کرنا پڑتے ہیں جس سے وقت اور وسائل دونوں ضائع ہوتے ہیں۔ ایسے حالات میں ایک جدید موبائل میڈیکل کلینک کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔اس موبائل کلینک میں ای سی جی، آکسیجن سلنڈر کٹ، نیبولائزر، ایکسرے، شوگر اور بلڈ ٹیسٹ کی سہولت، امراض چشم کی جانچ، ایمرجنسی ادویات اور دیگر طبی و لیبارٹری سہولیات موجود ہیں۔ یوں یہ ایک مکمل چلتا پھرتا ہسپتال ہے جو دور دراز آبادیوں تک پہنچ کر لوگوں کو ان کی دہلیز پر علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔صحت کسی بھی معاشرے کی ترقی کا بنیادی ستون ہے۔ ایک صحت مند فرد ہی تعلیم حاصل کر سکتا ہے، معاشی سرگرمیوں میں حصہ لے سکتا ہے اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر میں صحت کے شعبے کو بنیادی ترجیح دی جاتی ہے۔ان دونوں منصوبوں کو اگر مجموعی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ واضح ہوتا ہے کہ ایف سی بلوچستان (ساﺅتھ) کامقصد صرف وقتی سہولت فراہم کرنا نہیں بلکہ انسانی زندگی کے دو اہم ترین شعبوں یعنی کفالت اور صحت کو مضبوط بنانا ہے۔ ایک طرف یتیم بچوں کے لیے بہتر رہائشی اور تعلیمی ماحول فراہم کیا گیا جبکہ دوسری جانب عام عوام کے لیے صحت کی جدید سہولیات کو ان کے قریب پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔ ایف سی بلوچستان (سائوتھ) نے انسان دوستی، شفقت اور خدمت کے جذبے کا ایسا عملی نمونہ پیش کیا ہے جسے لوگ مدتوں یاد رکھیں گے۔آج بلوچستان کو ترقی، تعلیم، صحت، امن اور سماجی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔ ایسے منصوبے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوتے ہیں بلکہ معاشرے میں امید، اعتماد اور مثبت سوچ کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ پاکستان سویٹ ہوم آرفنیج کی بحالی اور پرواز موبائل میڈیکل کلینک کا افتتاح اسی مثبت سوچ اور عملی خدمت کا روشن اظہار ہیں۔ یہ اقدامات اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ جب سکیورٹی کے ساتھ عوامی خدمت کو بھی ترجیح دی جائے تو ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلتی ہیں، محروم چہروں پر مسکراہٹیں واپس آتی ہیں اور ایک بہتر معاشرے کی بنیاد مضبوط ہوتی ہے۔ایف سی بلوچستان (ساﺅتھ) زندہ باد ،پاکستان پائندہ باد۔

مزیدخبریں