ڈیرہ غازی خان میں پولیس کا خفیہ اطلاع پر بڑا آپریشن، 4 دہشت گرد مارے گئے

11:27 PM, 1 Jun, 2025

ڈیرہ غازی خان: ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ مبارک میں پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے ایک گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں چار خوارجی شدت پسند ہلاک ہو گئے۔

پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، اطلاع ملی تھی کہ کچھ خوارجی عناصر علاقے میں سرگرم ہیں اور شہریوں میں خوف و اضطراب پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس ٹیموں نے فوری طور پر علاقے کا گھیراؤ کرتے ہوئے آپریشن شروع کیا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے پولیس پر خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان کے مطابق، کچھ دہشت گرد قریب موجود جھاڑیوں اور بلندیوں کا سہارا لے کر فرار ہو گئے۔ ان کی تلاش کے لیے سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ، گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ علاقے کو مکمل کلیئر کرنے تک آپریشن جاری رہے گا، اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں