اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج ملک کے کچھ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد میں دن کے وقت ہلکے بادل چھائے رہیں گے، جبکہ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے اکثر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش بھی ہو سکتی ہے۔ گزشتہ روز جیکب آباد، دادو، شہید بینظیر آباد، موہنجو داڑو، لاڑکانہ اور تربت ملک کے گرم ترین علاقے رہے جہاں درجہ حرارت 47 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔