اسرائیل نے عرب وزرائے خارجہ کا فلسطینی صدر کی دعوت پر رام اللہ دورہ روک دیا، غزہ میں بمباری جاری

03:55 PM, 1 Jun, 2025

غزہ :  اسرائیل نے فلسطینی صدر کی دعوت پر عرب وزرائے خارجہ کو رام اللہ کا دورہ کرنے سے روک دیا ہے۔ مصر، اردن، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ فلسطینی انتظامی مرکز میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کے لیے آنا چاہتے تھے، لیکن اسرائیل نے انہیں اجازت نہیں دی۔

یہ اجلاس ایک بین الاقوامی کانفرنس سے پہلے منعقد ہونا تھا، جس کی میزبانی فرانس اور سعودی عرب کر رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں فلسطینی ریاست کے قیام کے مسئلے پر بات کی جائے گی۔ اسرائیل کا موقف ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کی اجازت نہیں دے گا، اس لیے عرب وزرائے خارجہ کا دورہ ملتوی ہو گیا ہے۔

دوسری جانب، غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری ہیں۔ امریکی تعاون یافتہ امدادی مرکز پر بمباری کے نتیجے میں 31 فلسطینی شہید اور 120 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک ہزاروں فلسطینی حملوں میں مارے جا چکے ہیں اور بہت سے زخمی ہیں۔

فضائی حملے میں ڈاکٹر حمدی النجار بھی زخمی ہوئے تھے جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ ان کے 9 بچے بھی اس حملے میں شہید ہوئے، اور ان کا 11 سالہ بیٹا واحد زندہ بچا ہے۔ ان کی اہلیہ ڈاکٹر علا النجار، جو بچوں کے ماہر ہیں، حملے سے کچھ دیر پہلے گھر سے کام پر جانے کے لیے نکلی تھیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ دنیا کے سب سے زیادہ بھوکے علاقے میں سے ایک ہے، جہاں امدادی کاموں میں شدید رکاوٹیں ہیں۔

مزیدخبریں