پاکستان اور بنگلا دیش کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی ضرورت ہے، صدر آصف علی زرداری

12:34 PM, 1 Jun, 2025

لاہور: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے تعلقات میں بہتری لانے اور دونوں ملکوں کو قریب کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ گورنر ہاؤس لاہور میں پاک اور بنگلا دیش کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ کے موقع پر صدر نے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے حالیہ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھائی، جبکہ بنگلا دیش کی ٹیم نے بھی بہترین کھیل پیش کیا۔ انہوں نے بنگلا دیشی کھلاڑیوں کو ’کھیل کے سفیر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھیل دونوں قوموں کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس نسل سے تعلق رکھتے ہیں جس نے پاکستان اور بنگلا دیش کی علیحدگی کا وقت دیکھا ہے، لیکن آج کی نئی نسل ان تلخیوں سے واقف نہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم ماضی کے زخموں پر مرہم رکھیں اور آگے بڑھیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش ایک کامیاب اور ابھرتا ہوا ملک ہے، اور جیسے اللہ نے پاکستان کو وسائل سے نوازا ہے، ویسے ہی ڈھاکہ بھی قدرتی نعمتوں کا حامل ہے۔ دونوں ملکوں کو عوامی سطح پر فلاح، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایک دوسرے کے قریب آئیں، تعلقات مضبوط کریں اور کھیل کو مثبت رابطے کا ذریعہ بنائیں تاکہ خطے میں ہم آہنگی اور بہتری لائی جا سکے۔

مزیدخبریں