نئے مالی سال کا آغاز، سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

05:30 PM, 1 Jul, 2025

کراچی: نئے مالی سال کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے، جس نے عوام اور تاجروں کو حیران کر دیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، فی تولہ سونا 6,600 روپے مہنگا ہو کر 3,56,800 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 5,658 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 3,05,858 روپے ہو گئی ہے۔

ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فی تولہ چاندی 52 روپے کے اضافے سے 3,834 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 45 روپے مہنگی ہو کر 3,287 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 66 ڈالر بڑھ کر 3,348 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال، ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اور مقامی مالی دباؤ اس اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ ماہرین کے مطابق آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید تبدیلی کے امکانات موجود ہیں، جس سے سرمایہ کاروں اور خریداروں دونوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں