اسرائیل کو ایف-35 طیاروں کے پرزے بھیجنے پر پابندی کی درخواست مسترد، برطانوی عدالت کا فیصلہ

11:51 AM, 1 Jul, 2025

لندن: برطانیہ کی ہائیکورٹ نے وہ درخواست مسترد کر دی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ اسرائیل کو ایف-35 جنگی طیاروں کے برطانوی پرزوں کی فراہمی روکی جائے۔

یہ درخواست انسانی حقوق کی تنظیموں "الحق" اور "گلوبل لیگل ایکشن نیٹ ورک" نے دی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ برطانیہ کے بنائے گئے پرزے غزہ میں ہونے والے ممکنہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں استعمال ہو سکتے ہیں، اس لیے ان کی ترسیل بند کی جائے۔

عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حساس اور سیاسی نوعیت کا معاملہ ہے، جس پر فیصلہ کرنا حکومت کا اختیار ہے، نہ کہ عدالت کا۔ ججوں کا کہنا تھا کہ ایسے فیصلے منتخب حکومت اور پارلیمنٹ کو کرنے چاہئیں۔

برطانوی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف-35 ایک عالمی دفاعی منصوبہ ہے اور اس سے علیحدگی عالمی امن کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ نے عدالت کے فیصلے پر مایوسی ظاہر کی ہے۔ ایمنسٹی برطانیہ کی سربراہ ساچا دیش مکھ کا کہنا تھا کہ غزہ میں شہری علاقوں پر حملے ہو رہے ہیں، لوگ بے گھر اور بھوکے ہیں، ایسے میں برطانیہ کو اخلاقی اور قانونی ذمہ داری نبھانی چاہیے۔

انسانی حقوق کے وکلا اب اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں