دنیا بھر میں 2026 کا آغاز: نئے سال کا خوشی اور امید کے ساتھ استقبال

10:28 AM, 1 Jan, 2026

لاہور : دنیا بھر میں 2025 کو خوشیوں، یادوں اور کچھ اداسیوں کے ساتھ الوداع کیا گیا، اور 2026 کو نئے خوابوں اور امیدوں کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ وہ سب خواب جو پچھلے سال پورے نہ ہو سکے، ان کی تکمیل کی امید اب 2026 سے رکھی گئی ہے۔

نئے سال کا آغاز سب سے پہلے بحرالکاہل میں واقع کریباتی جزیرے سے ہوا، جہاں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر تین بجے 2026 کا سال شروع ہوا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ میں شام چار بجے اور آسٹریلیا میں شام چھ بجے پاکستانی وقت کے مطابق آتشبازی کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا گیا۔

جاپان میں آتشبازی کے ساتھ ساتھ ایک روایتی رسم "جویا نو کانے" بھی ادا کی گئی، جس میں بدھ مت کے مندروں میں گھنٹیاں 108 بار بجائی گئیں۔ یہ رسم نئے سال کی آمد کے ساتھ ساتھ روحانیت کی علامت بھی سمجھی جاتی ہے۔

جنوبی کوریا، تھائی لینڈ اور سنگاپور میں بھی شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد نے نئے سال کی تقریبات میں شرکت کی۔ بنکاک میں دریائے چاو فرایا کے کنارے اور سنگاپور میں مرینا بے پر آتشبازی نے آسمان کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجا دیا۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں عظیم دیوار چین کے جویونگ گوان حصے کو خصوصی روشنیوں اور لائٹ بیمز سے منور کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔

یورپ اور مشرق وسطیٰ میں نئے سال کا آغاز کچھ دیر بعد ہوا، اور سب سے آخر میں امریکہ میں سال نو داخل ہوتا ہے۔ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں ہر سال کی طرح کرسٹل بال نصب کی گئی، جہاں لاکھوں افراد نے جشن منایا۔

ماہرین کے مطابق دنیا کے مختلف حصوں میں نئے سال کے آغاز کا وقت مختلف ہوتا ہے کیونکہ زمین کو ٹائم زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ہر ملک اپنے اپنے وقت، ثقافت اور روایات کے مطابق نئے سال کا استقبال کرتا ہے۔

مزیدخبریں