جے شا کی اجارہ داری کو بڑا جھٹکا،پاکستان کا بنگلہ دیش کے ساتھ ناانصافی پر بھارت سے میچ کا بائیکاٹ

08:13 PM, 1 Feb, 2026

اسلام آباد : پاکستان نے کرکٹ کی عالمی سیاست میں بھارتی تسلط کو چیلنج کرتے ہوئے 15 فروری کو روایتی حریف بھارت کے خلاف شیڈول میچ نہ کھیلنے کا بڑا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق، یہ فیصلہ آئی سی سی میں جاری بھارتی ہٹ دھرمی اور جانبداری کے خلاف ایک فیصلہ کن ضرب ہے۔
حکومتی ذرائع نے واضح کیا ہے کہ اس احتجاج کی بنیادی وجہ بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا وہ حالیہ فیصلہ ہے جس نے کھیل کی دنیا میں جانبداری کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ پاکستان نے دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر بنگلا دیش کے ساتھ کھڑا ہے اور اسی یکجہتی کے اظہار کے لیے بھارت کے خلاف ہائی وولٹیج میچ کی قربانی دی جا رہی ہے۔
حکومتی ذرائع نے آئی سی سی کے ڈھانچے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے درج ذیل حقائق سے پردہ اٹھایا ہے۔  آئی سی سی کے پلیٹ فارم پر ایک ملک کے لیے ایک اور دوسرے کے لیے دوسرا معیار اپنایا جا رہا ہے، جس سے انصاف کے اصولوں کی دھجیاں بکھیر دی گئی ہیں۔
جے شا نے اپنے جانبدارانہ فیصلوں سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو عملی طور پر ’انڈین کرکٹ کونسل‘ بنا دیا ہے۔ پاکستان کا موقف ہے کہ آئی سی سی اب محض ایک ملک کے اشاروں پر ناچنے والی کٹھ پتلی بن چکی ہے۔
پاکستانی ٹیم کو 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک آئی سی سی میں برابری اور انصاف کی فضا بحال نہیں ہوتی، پاکستان ایسی جانبداری کا حصہ نہیں بنے گا۔

مزیدخبریں