اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پاکستان میں ایک نیا موسمی سسٹم داخل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین میں بارش ہو رہی ہے، جبکہ کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند جیسے بلند علاقوں میں برفباری کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 3 فروری تک بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کالام میں بھی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور اس کے ارد گرد کے علاقوں میں موسم سرد رہنے کے ساتھ ساتھ جزوی طور پر ابر آلود بھی رہے گا۔ کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، چاغی اور گوادر میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی کچھ علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
ایبٹ آباد اور اس کے نواحی علاقے بھی آج سے بارش کی زد میں آ سکتے ہیں۔ سردی اور برفباری کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔