مارگوٹ روبی کا نایاب ہار، فیشن اور نوآبادیاتی ورثے پر نئی بحث

02:58 PM, 1 Feb, 2026

سڈنی : ہالی وڈ اداکارہ مارگوٹ روبی نے اپنی نئی فلم وتھرنگ ہائٹس کے لاس اینجلس پریمیئر پر ایک ایسا نایاب ہار پہنا جو فیشن کے ساتھ ساتھ تاریخ اور نوآبادیاتی ورثے پر نئی بحث کا باعث بن گیا۔ یہ ہار مغل ملکہ نور جہاں سے منسوب تاج محل کے ہیرے کا ایک قدیم زیور ہے، جو ماضی میں مشہور اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی ملکیت بھی رہا تھا۔

مارگوٹ روبی کی فلم وتھرنگ ہائٹس 13 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے، جس میں وہ جیکب ایلورڈی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں۔ اس فلم کا تعلق ایملی برونٹے کے مشہور گوتھک ناول سے ہے، جسے نئے انداز میں یارکشائر کے قدرتی مناظر میں پیش کیا گیا ہے۔ پریمیئر کے موقع پر روبی نے معروف ڈیزائنر سکیاپاریلی کا خاص لباس پہنا، لیکن سب کی توجہ ان کے گلے میں لٹکے اس نایاب ہار پر تھی۔

یہ ہار دل کی شکل میں جڑا قیمتی ہیرا ہے جسے جیڈ میں بھی ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں سونے، روبی اور ہیرے کی چین لگی ہوئی ہے۔ فیشن میگزین ووگ کے مطابق، ہار پر فارسی زبان میں ایک عبارت کندہ ہے جس کا اردو ترجمہ ہے "محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے"، اور اس پر ملکہ نور جہاں کا نام بھی درج ہے۔

یہ ہار ابتدا میں مغل بادشاہ جہانگیر نے اپنی بیوی نور جہاں کو محبت کے اظہار کے طور پر تحفے میں دیا تھا۔ بعد میں یہ زیور ملکہ ممتاز محل تک پہنچا اور تاج محل ڈائمنڈ کے طور پر مشہور ہوا۔ کئی صدیوں بعد یہ ہار یورپی جیولری برانڈ کارٹیئر کے پاس پہنچا اور وہاں اس کا نیا ڈیزائن کیا گیا۔ 1972 میں کارٹیئر نے یہ ہار اداکارہ الزبتھ ٹیلر کو ان کے شوہر رچرڈ برٹن کی جانب سے تحفے کے طور پر دیا، اور پھر 2011 میں ٹیلر کے انتقال کے بعد یہ ہار نیلامی میں 88 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا، جو اس وقت انڈین زیورات کی تاریخ میں سب سے بڑی قیمت تھی۔

مارگوٹ روبی کی جانب سے اس ہار کا پہنا جانا بھارت کے تاریخی ورثے اور نوآبادیاتی دور کی یادوں کو تازہ کرتا ہے۔ اس وقت بھارت برطانیہ اور دیگر ممالک سے اپنے قیمتی خزانے واپس کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے، جن میں کوہِ نور ہیرا بھی شامل ہے۔

مزیدخبریں