لاہور میں بسنت کی تیاریوں کا آغاز، پتنگوں اور گڈوں کی خرید و فروخت شروع

11:52 AM, 1 Feb, 2026

لاہور : لاہور میں بسنت کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے اور آج سے پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی خرید و فروخت شروع ہو گئی ہے۔ اس بار لاہور میں 2246 ٹریڈرز کو کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی ہے، اور 8 فروری تک یہ خرید و فروخت جاری رہے گی۔ 8 فروری کے بعد پتنگوں اور گڈوں کی تیاری اور فروخت پر مکمل پابندی لگ جائے گی۔

اب تک 2504 ٹریڈرز نے آن لائن رجسٹریشن کے لیے درخواست دی ہے، جن میں سے 163 کی درخواستیں ابھی زیرِ عمل ہیں، جبکہ 95 درخواستیں مسترد کی جا چکی ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل 8 فروری تک جاری رہے گا، اور مزید ٹریڈرز کو رجسٹریشن کی اجازت ملے گی۔

پتنگوں اور ڈور کی خریداری شروع ہوتے ہی شہر میں عوام کا رش بڑھ گیا، اور دکانداروں نے شہریوں کے ہجوم کے باعث ایک گھنٹہ بعد ہی دکانیں بند کر دیں۔ اس دوران عوام کی بڑی تعداد نے قیمتوں پر شکایات بھی کیں، کیونکہ ایک گڈا 250 سے 300 روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ ایک ڈیڑھ تاوا گڈا 450 سے 500 روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح ایک پیس کا پناہ 4 ہزار روپے اور ڈیڑھ پیس کا پناہ 6 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔بسنت کی تیاریوں کے دوران قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

مزیدخبریں