لندن : برطانیہ، سعودی عرب اور قطر نے بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی سخت مذمت کی ہے اور پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کھڑے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے امن و سلامتی کے لیے ان کی حمایت جاری رہے گی۔
سعودی وزارت خارجہ نے بلوچستان میں دہشت گردوں کی کارروائیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فورسز دہشت گردی کے خلاف بہترین حکمت عملی سے مقابلہ کر رہی ہیں، اور سعودی عرب پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ اس جنگ میں ساتھ ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے بھی دہشت گردی کی مذمت کی اور کہا کہ قطر ہر قسم کے تشدد اور دہشت گردی کو مسترد کرتا ہے۔ انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔