لاہور : امریکی جریدے فوربز نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پنجاب کے ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘ کو ایک مؤثر اور قابلِ تقلید ماڈل قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق معروف رائٹر پال کلین نے اپنی تحقیق میں لکھا کہ پنجاب حکومت نے انتہائی مختصر عرصے میں صوبے کے بڑے انتظامی چیلنج کو ایک کامیاب موقع میں تبدیل کر دیا۔
پال کلین نے پروگرام کے نفاذ، جدید ویسٹ مینجمنٹ سسٹم، ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور عوامی سطح پر شمولیت کو کامیابی کے بنیادی عوامل قرار دیا۔ ان کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام نے صوبے میں صفائی اور شہری سہولیات کے نظام کو ایک نئے معیار تک پہنچایا ہے، جو مستقبل میں خطے کے لیے ایک ماڈل ثابت ہو سکتا ہے۔
فوربز کی رپورٹ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور پنجاب حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر اس کامیابی کا اعتراف پاکستان کے لیے قابلِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام گورننس، بہتر حکمتِ عملی اور عملی کارکردگی کی واضح مثال ہے۔