کراچی: کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا چورنگی پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں تین سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ بچے کی لاش 14 گھنٹے کی محنت کے بعد نالے سے برآمد کی گئی۔
یہ واقعہ اتوار کی رات 11 بجے پیش آیا، جب تین سالہ ابراہیم اپنی والدہ کے ساتھ ڈیپارٹمنٹل اسٹور پر شاپنگ کے لیے آیا تھا۔ اس دوران بچہ اپنے والد کے پیچھے دوڑتے ہوئے کھلے مین ہول میں جاگرا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر بچہ تلاش کرنا شروع کیا، لیکن ابتدائی کوششیں ناکام ہو گئیں۔ پھر شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کھدائی شروع کی اور 14 گھنٹے بعد بچے کی لاش ایک کلومیٹر دور نالے سے نکالی گئی۔
اس واقعے کے بعد، علاقے کے لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور سڑکوں پر ٹائر جلا کر ٹریفک بند کر دی۔ مشتعل افراد نے میڈیا کی گاڑیوں پر حملہ کیا اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دیے۔ احتجاج کے دوران ریسکیو کام بھی متاثر ہوا۔
بچے کے دادا نے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیٹے کا اکلوتا بچہ تھا اور ان کے لیے یہ ناقابل بیان غم کا وقت ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور ایسے حادثات سے بچنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔