اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے آج کے موسم کے بارے میں اپنی پیشگوئی جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔ اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں آج موسم خشک رہے گا، اور پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی محسوس ہوگی۔
مری، گلیات اور اس کے اطراف میں بھی سرد اور خشک موسم کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم رہے گا۔ سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور گجرات میں دھند اور اسموگ کی موجودگی کا امکان ہے، جو صبح اور رات کے اوقات میں زیادہ شدید ہو سکتی ہے۔
اسی طرح، جہلم، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ملتان، خانیوال، لیہ، کوٹ ادو اور بہاولپور کے علاقوں میں بھی دھند پڑنے کا امکان ہے۔
سندھ میں بھی موسم خشک رہے گا اور صبح و رات کے اوقات میں سردی میں اضافہ ہو گا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شدید سردی رہے گی اور آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پانچ اور چھ دسمبر کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
شہریوں کو موسم کی شدت کے پیش نظر احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر دھند اور اسموگ کی وجہ سے سفر کرتے وقت احتیاط برتنا ضروری ہے۔