سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) کے نئے ٹرانسپیرنسی فیچر نے پاکستان خصوصاً بلوچستان مخالف بیرونی پراپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا۔ بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور فتنہ الخوارج گروہوں کے درمیان واضح رابطہ ایک بار ثابت ہو گیا ہے، افغانستان اور بلوچستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں سے جڑے ایکس ہینڈلز منظم انداز میں انتہا پسند بیانیہ پھیلا رہے ہیں۔ اسرائیلی، ایرانی اور روسی انفلوئنسرز کا بھیس اپنائے متعدد اکائونٹس بھارت سے پاکستان مخالف پراپیگنڈا چلا رہے ہیں۔ ایکس کے ٹرانسپیرنسی ٹول کے مطابق افغان دفتر خارجہ کے ترجمان کا ہینڈل بھی بھارت سے آپریٹ ہو رہا ہے۔ ٹرانسپیرنسی ٹول کے مطابق 90 فیصد تک پاکستان مخالف آن لائن پراپیگنڈا دشمن ممالک کے ٹرول فارمز سے جنریٹ ہو رہا ہے۔ افغانستان میں فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے جڑے اکائونٹس انتہا پسند بیانیہ بڑھا رہے ہیں، اس وقت بلوچستان میں شدت پسند، عسکریت پسند کالعدم تنظیموں اور ان کے سہولت کاروں کے اکائونٹس بھی بھارت سے چلائے جا رہے ہیں۔ بلوچ حقوق کی دعویدار نام نہاد بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) کی چیئرپرسن ماہ رنگ لانگو کا ایکس اکاؤنٹ MahrangBaloch سنگاپور سے آپریٹ کیا جا رہا ہے، جبکہ بلوچستان میں ریاستی اداروں کے خلاف منفی پراپیگنڈا کر کے دہشت گرد تنظیموں کو پروموٹ کرنے والے درج ذیل ایکس اکاؤنٹس MirYarBaloch, BahutBaloch, BalochistanFacts, AmirBaloch, SafarKhanBaloch ,page3NewsThani, SadafBaloch, DurBibi, BalochBrahag, TheBalochistanPost بھارت سے چلائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ MehranMarri کا اکاؤنٹ سٹونیا سے، MahzebShafiq کا یورپ سے اور DeedagBaloch کا نیدر لینڈز سے آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔ راقم نے رواں سال 28 اپریل کو اپنے ایک کالم بعنوان ’’بلوچستان میں سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پراپیگنڈا! بھارت ملوث‘‘ میں پہلے ہی یہ انکشاف کیا تھا کہ بلوچستان میں ریاست اور اداروں کے خلاف زہریلا اور گمراہ کن پراپیگنڈا پھیلانے والے یہ مخصوص سوشل میڈیا ایکس اکاؤنٹس The Jaipur Dialogue, Frontolforce, Fazila Baloch, Baba Banaras, OsintTV, Mini Razdan, NYLAH BALOCH, India Blooms, Ramesh Tiwari, India Narrative, Sundram, Narendra Bishnoi, News Videos of India, Khushi Yadav, Kreatly, Kapadia CP, Ash William, Nitin Singh Khtoch, Nora Olsen, Chris Benoit براہِ راست بھارت سے آپریٹ کیے جا رہے ہیں۔ ایکس کے لوکیشن دکھانے کے نئے فیچر نے اس پوری پراپیگنڈا مشینری کو بے نقاب کر دیا ہے اور یہ حقیقت اب عالمی سطح پر کھل کر سامنے آ چکی ہے کہ ریاست مخالف عناصر اور تنظیموں کے متعدد اکاؤنٹس کی لوکیشن افغانستان، بھارت اور دیگر ممالک سے ظاہر ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت بلوچستان اور متعلقہ ادارے روز اول سے یہ بیان کرتے آئے ہیں کہ بلوچستان کے حوالے سے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا اور گمراہ کن بیانیہ تیار کرنے والے عناصر بیرون ممالک بیٹھ کر ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت تعلیم یافتہ بلوچ نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جھوٹی ریاستی ناانصافیوں اور محرومیوں کی من گھڑت کہانیاں سنا کر ان کے ہاتھوں سے قلم اور کتابیں چھین کر ہتھیار تھمائے جاتے ہیں، تاکہ انہیں ریاست کے خلاف استعمال کیا جا سکے۔ قومی دھارے میں شامل ہونے والابھارتی سپانسرڈ بی ایل اے کا سابق کمانڈر طلعت عزیز جیسے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان جس کا زندہ ثبوت ہیں۔ واضح رہے کہ دسمبر 2024 میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی سائبر کرائم ونگ نے بلوچستان میں سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پراپیگنڈا کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی۔ اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ صرف تین ماہ کے دوران 924 ایسے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی جو مبینہ طور پر ریاست مخالف مواد پھیلا رہے تھے۔ ایکس کے ٹرانسپیرنسی فیچر نے نہ صرف ان جعلی اکاؤنٹس کے جغرافیائی محل وقوع کو بے نقاب کیا بلکہ اس بات کا بھی واضح ثبوت فراہم کر دیا کہ یہ پوری مہم ایک منظم، ہمہ جہت اور بیرونی ایجنسیوں کی سرپرستی میں چلنے والا نیٹ ورک ہے۔ بھارت کی سرزمین سے چلنے والے یہ اکاؤنٹس بلوچستان میں دہشت گردی، بدامنی اور انتشار کو ہوا دینے کے لیے سوشل میڈیا کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔ یہی اکاؤنٹس جھوٹی گمشدگیوں، جعلی مظالم، دہشتگرد تنظیموں کے من گھڑت آپریشنز اور اداروں کے خلاف زہر آلود پراپیگنڈا پھیلا کر عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایکس کے ٹرانسپیرنسی ٹول نے یہ حقیقت بھی آشکار کر دی ہے کہ دشمن عناصر اب محض بندوق اور بارود تک محدود نہیں رہے بلکہ سوشل میڈیا، فیک نیوز اور ڈیجیٹل جنگ کو اپنا سب سے مؤثر ہتھیار بنا چکے ہیں۔ بلوچستان جیسے حساس صوبے میں جہاں سکیورٹی ادارے ایک طرف دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں، وہیں دوسری جانب ڈیجیٹل محاذ پر بھی ایک خاموش مگر خطرناک جنگ مسلسل جاری ہے۔ یہ تمام حقائق اس امر کا واضح ثبوت ہیں کہ بلوچستان میں پھیلنے والی افواہیں، من گھڑت خبریں اور ریاست مخالف بیانیے بیرونی ایجنڈے کے تحت تیار اور پھیلائے جاتے ہیں۔ دشمن کی یہ کوشش ہے کہ بلوچستان کے عوام اور ریاست کے درمیان خلیج پیدا کی جائے، نوجوانوں کو ریاست سے بدظن کیا جائے اور ملک کے خلاف نفرت کو ہوا دی جائے۔ ایکس کے ٹرانسپیرنسی فیچر کے ذریعے بے نقاب ہونے والا یہ نیٹ ورک اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ میڈیا اور عوام اداروں کے ساتھ مل کر اس پراپیگنڈا دہشت گردی کا مقابلہ کریں۔ جعلی اکاؤنٹس کی مسلسل رپورٹنگ اور ڈیجیٹل آگاہی ہی وہ مؤثر ہتھیار ہیں جن کے ذریعے اس دشمن بیانیے کو شکست دی جا سکتی ہے۔ یہ حقیقت اب پوری دنیا کے سامنے آ چکی ہے کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے، پاکستان کو بدنام کرنے اور نوجوانوں کے اذہان کو مسموم کرنے کے پیچھے ایک منظم، بیرونی سرپرستی یافتہ ڈیجیٹل نیٹ ورک سرگرم ہے، جس کو بے نقاب کرنا اور اس کا خاتمہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
بلوچستان دشمن پراپیگنڈا نیٹ ورک بے نقاب
09:14 AM, 1 Dec, 2025