پاکستان سب کا ہے، انتظامی ضرورت کے تحت نئے صوبے بننے چاہئیں: خالد مقبول صدیقی

04:48 PM, 1 Aug, 2026

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی ایک فرد یا گروہ کا نہیں بلکہ ہم سب کا ملک ہے، اور ملک کی ترقی کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے چاہئیں۔

نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چاروں صوبے پاکستان کا حصہ ہیں اور ملک کے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور حقوق کی بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں عوامی مسائل کے حل کے لیے نئے انتظامی یونٹس بنانے کی ضرورت ہے، جبکہ انتظامی ضرورت کے مطابق نئے صوبوں کا قیام وقت کا تقاضا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تقسیم کا معاملہ آئین پاکستان کے مطابق ہونا چاہیے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے نئے صوبوں سے متعلق بل اسٹینڈنگ کمیٹی کو بھیجا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے قیام کے مطالبے کو غداری قرار دینا درست نہیں۔

انہوں نے ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں جس کے ثمرات عام آدمی تک نہ پہنچیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے اور اب بنیادی اصلاحات کا وقت آ گیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان کو خطے اور دنیا میں بہتر مقام حاصل کرنے کا موقع ملا ہے، اس لیے اب پیچھے ہٹنے کے بجائے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں