پی ایل اے کے 99ویں یومِ تاسیس پر جی ایچ کیو میں تقریب، پاکستان چین دفاعی تعاون کے عزم کا اعادہ

02:47 PM, 1 Aug, 2026

راولپنڈی: جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 99ویں یومِ تاسیس کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط دفاعی تعلقات کو اجاگر کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ چینی دفاعی اتاشی، سفارتکاروں اور پاک افواج کے سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی کو یومِ تاسیس پر مبارکباد پیش کی اور دفاع، ترقی اور عالمی امن کے لیے چین کی فوجی خدمات کو سراہا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ، منفرد اور وقت کی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج اور پی ایل اے باہمی اعتماد اور مشترکہ مفادات پر مبنی شراکت داری کے تحت کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی افواج خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے تقریب کے انعقاد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

چینی سفیر نے پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں