لاہور: پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق برقرار ہے۔ ترجمان پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں پانی کا بہاؤ بھی نارمل ہے۔ متعلقہ ادارے دریاؤں کی صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات مکمل رکھے گئے ہیں۔