واٹس ایپ کا بڑا اپ ڈیٹ، آفرز اور بزنس پیغامات کے لیے الگ فولڈر متعارف

12:59 AM, 1 Aug, 2026

کیلیفورنیا:  واٹس ایپ نے صارفین کے لیے چیٹنگ کا تجربہ مزید بہتر بنانے کی غرض سے ایک نئے فیچر کی آزمائش کا آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے کاروباری اداروں کی جانب سے بھیجے جانے والے پروموشنل اور معلوماتی پیغامات کو مرکزی چیٹ لسٹ سے الگ رکھا جائے گا۔

میٹا کی ملکیت والی میسجنگ ایپ اس نئے آپشن کو "Offers & Updates" کے نام سے متعارف کرا رہی ہے۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کی ذاتی اور گروپ چیٹس غیر ضروری بزنس پیغامات سے متاثر نہ ہوں اور مین چیٹ اسکرین زیادہ منظم نظر آئے۔

نئے فیچر کے تحت بینکوں، ایئرلائنز، آن لائن اسٹورز، ریٹیل کمپنیوں اور دیگر تجارتی اداروں کے پیغامات ایک مخصوص وقت گزرنے کے بعد خودکار طور پر "Offers & Updates" فولڈر میں منتقل ہو جائیں گے، جس سے روزمرہ کی اہم گفتگو مرکزی چیٹ لسٹ میں برقرار رہے گی۔

میٹا کے مطابق اس فیچر کو مختلف طریقوں سے آزمایا جا رہا ہے۔ کچھ صارفین کے لیے کاروباری پیغامات چند گھنٹوں بعد جبکہ دیگر کے لیے 24 گھنٹے مکمل ہونے پر علیحدہ فولڈر میں منتقل کیے جائیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی صارف اس سہولت کو استعمال نہیں کرنا چاہتا تو وہ اسے اپنی مرضی سے بند بھی کر سکتا ہے، تاہم پیغامات کی منتقلی کا وقت تبدیل کرنے کا آپشن فی الحال فراہم نہیں کیا جائے گا۔

ابتدائی مرحلے میں اس فیچر کی آزمائش محدود پیمانے پر جاری ہے اور اسے صرف واٹس ایپ بزنس پلیٹ فارم سے منسلک چند منتخب پارٹنرز کے ساتھ ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ بعد ازاں کامیاب آزمائش کی صورت میں اسے مرحلہ وار مزید صارفین کے لیے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

مزیدخبریں