پاک فضائیہ نے دشمن کو شکست دی، پاکستانی میڈیا نے سچ کو فتح دلائی: بلاول بھٹو

09:05 PM, 1 Aug, 2025

کراچی:– چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے دشمن کو شکست دی جبکہ پاکستانی میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کر کے سچ کو فتح دلائی۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کو جمہوریت اور آزادی صحافت کی علمبردار تحریک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایف یو جے نے ہمیشہ جرات مندانہ کردار ادا کیا ہے، خاص طور پر ایم آر ڈی تحریک کے دوران صحافیوں نے بے مثال قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ آزادی صحافت کے حق میں اور صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے ذمہ داری سے قومی بیانیے کا دفاع کیا، جب کہ عالمی سطح پر بھارتی اور پاکستانی میڈیا ایک دوسرے کے مقابل تھے۔ ایسے وقت میں پاکستانی میڈیا نے سچائی کے ذریعے دشمن کے جھوٹے دعوؤں کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں پاک فضائیہ نے فضائی محاذ پر دشمن کو جواب دیا، وہیں میڈیا نے بھی قلم اور سچائی سے دشمن کی چالوں کو ناکام بنایا۔

مزیدخبریں