نیا ہائبرڈ چاول تیار، پیداوار میں تین گنا اضافہ متوقع

07:09 PM, 1 Aug, 2025

لاہور: پنجاب یونیورسٹی اور چین کی وہان یونیورسٹی کے مشترکہ تحقیقی منصوبے کے تحت پاکستان میں پہلی بار ہانگ لیان قسم کا نیا ہائبرڈ چاول تیار کر لیا گیا ہے۔ اس نئے چاول سے فی ایکڑ پیداوار تین گنا بڑھ کر 140 من تک پہنچنے کا امکان ہے۔

یہ ہائبرڈ چاول PU786 کے نام سے رجسٹر کیا گیا ہے اور پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل نے اس کی منظوری دے دی ہے۔ تحقیقاتی ٹیم میں پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ جینیٹکس کے چئیرمین ڈاکٹر محمد اشفاق اور چین کی وہان یونیورسٹی کے پروفیسر رنشان ژو، ڈاکٹر ژیانٹنگ وو اور شو شامل ہیں۔

ڈاکٹر محمد اشفاق نے بتایا کہ نیا ہائبرڈ چاول بیکٹیریائی بیماریوں، شدید گرمی اور کیڑوں کے خلاف مزاحمت رکھتا ہے، جس سے ملک میں چاول کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس چاول کا کامیاب تجربہ ملک کے چاروں صوبوں میں کیا گیا ہے اور یہ دس سالہ تحقیق کا نتیجہ ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان اور چین کے تعلیمی و تحقیقی تعاون کو مزید فروغ دے گی اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہائبرڈ چاول سے پاکستان کی چاول کی ایکسپورٹ میں بھی اضافہ ہوگا۔

یہ نئی ایجاد ملک کی زرعی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگی اور قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔

مزیدخبریں